بنگلورو،10؍مارچ(ایس او نیوز)سیاسی طورپرختم کرنے کے لیے میرے خلاف ایک منظم سازش رچی گئی ہے،جس کی زدمیں آکرمجھے وزارت سے ہاتھ دھوناپڑا۔یہ باتیں سابق ریاستی وزیررمیش جارکی ہولی نے کہی۔
بروزمنگل شہرکے سداشیونگرمیں واقع اپنی رہائش گاہ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش جارکی ہولی نے کہاکہ میری عوامی مقبولیت اورسیاسی بلندی سے خارکھائے لوگوں نے سیکس سی ڈی جاری کی ہے۔سی ڈی جاری کرنے والے کانگریس کے ہیں نہ بی جے پی کے،یہ میری شہرت اورشبیہ کوبگاڑنے کے لیے کی گئی سازش ہے۔سی ڈی جاری کئے جانے کامعاملہ مجھے بہت پہلے ہی معلوم تھالیکن اب مجھے ایک سازش کے تحت میری گھریلوعزت کونیلام کرکے مجھے اذیت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مجھے بدنام کرنے والوں کوجیل کے سلاخوں کے پیچھے کرنے تک میں خاموش نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مجھے سیاسی طورپرختم کرنے کے لیے ایک بڑاپلان بناکرسی ڈی کی سازش رچی گئی ہے۔اس سی ڈی کوجاری کرنے کے لیے 15تا20کروڑروپے خرچ کئے گئے ہیں۔اس کی تحقیق کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کسی کے دباؤمیں آکرمیں نے استعفیٰ نہیں دیا،پارٹی کوسبکی اورشرمندگی سے بچانے کے پیش نظرمیں نے وزارت سے استعفیٰ دیا ہے۔ مجھے سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے،میرے لیے میرے گھرکی عزت کی حفاظت اہم ہے۔سی ڈی سازش ریاست کے ایک مہان لیڈرکا کیا کرایاہے۔ یہ کام چارلوگوں کی کرتوت ہے،ان کومیں یوں ہی نہیں چھوڑوں گا۔یشونت پورکی ایک عمارت کی چوتھی اورپانچویں منزل میں یہ سازش رچی گئی ہے۔
سی پی یوگیشورکے کہنے کے مطابق اس معاملہ میں کنکاپورہ اوربیلگاوی کی سیاست کارفرماہوسکتی ہے۔ہم ممبئی کرناٹک والے ایسی نچلی سطح کی سیاست نہیں کرتے۔ سی ڈی جاری ہونے کے بعد میری حمایت میں آنے والے تمام قائدین خصوصاًسابق وزیراعلیٰ کمارسوامی کامیں بے حدمشکوروممنون ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی میں موجود عورت کو5کروڑروپے کے ساتھ 2 لگژری فلیٹ تحفہ میں دئے گئے ہیں۔سی ڈی معاملہ مجھے چارمہینے پہلے ہی معلوم تھا۔سی ڈی جاری ہونے سے 26 گھنٹہ قبل بی جے پی ہائی کمان نے مجھے بذریعہ فون اطلاع دے دی تھی اورمجھے کہاگیاتھاکہ تم ہمت سے رہو،کسی بھی قسم کے خوف وخدشہ میں مبتلانہ ہوں،قانونی لڑائی لڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سی ڈی منظرعام پرآنے کے بعدسے میں نہایت دکھ اورغم میں ہو ں۔آج شام سپریم کورٹ کے سینئرلائرآرہے ہیں ان کے ساتھ اس بارے میں تبادلہ خیال کرنے کے بعد ہماراکنبہ قانونی جنگ چلائے گا،قانونی کارروائی میرے بھائی بال چندجارکی ہولی دیکھ لیں گے۔